سردی میں صبح گاڑی اسٹارٹ کرنا ایک امتحان، ان طریقوں کا استعمال کر کے گاڑی پہلے سیلف پر اسٹارٹ کریں

چلتی کا نام گاڑی ہوتا ہے اور اگر یہی گاڑی چلنے سے انکار کر دے تو پریشانی کا اندازہ گاڑی چلانے والے ڈرائيور سے زيادہ کسی کو نہیں ہو سکتا ہے ۔ اور ایک اچھے ڈرائیور کی یہی پہچان ہوتی ہے کہ اس کو صرف گاڑی چلانی نہیں آنی چاہیے بلکہ اس کو گاڑی کو چلتی حالت میں رکھنے کے طریقے بھی پتہ ہونے چاہیے-

سردی کے موسم میں صبح گاڑی کے اسٹارٹ ہونے کے مسائل
عام طور پر سردی کے موسم میں رات بھر سردی میں کھڑی رہنے والی گاڑی کو اسٹارٹ کرنا ایک مشکل کام ہوتا ہے۔ گاڑی کو اسٹارٹ کرتے ہوئے ہر ڈرائيور کی یہ دعا ہوتی ہے کہ یہ پہلے سیلف پر اسٹارٹ ہو جائے لیکن اگر ڈرائيور اناڑی ہو تو پھر گاڑی سیلف کے بجائے دھکے پر ہی اسٹارٹ ہوتی ہے-

سردی میں گاڑی کو پہلے سیلف پر اسٹارٹ کرنے کے طریقے
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی گاڑی سردی میں اسٹارٹنگ میں مسئلہ نہ کرے تو اس کے لیے اپنی گاڑی کو سپر فٹ رکھنے کے لیے کچھ عام سے کام روزمرہ کی روٹین میں شامل کر لیں تاکہ آپ کی گاڑی پہلے سیلف میں ہی اسٹارٹ ہو جائے-

1: گاڑی کی بیٹری کو چیک رکھیں
گاڑی کی بیٹری کی زندگی مختصر ہوتی ہے اور خاص طور پر سردی کے موسم میں کمزور بیٹری گاڑی میں اسٹارٹنگ کے مسائل کا سبب بن جاتی ہے- اس وجہ سے اچھے ڈرائيور کی یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ وہ سردی کے موسم کے آنے سے قبل گاڑی کی بیٹری چیک کروا لیں اور اگر بیٹری کمزور ہو تو یا تو اس کو چارج کروا لیں یا پھر اس کو تبدیل کروالیں- بیٹری چیک کرنے کے لیے آج کل بیٹری چیکر آسانی سے دستیاب ہیں جن کو خرید کر آپ خود بھی اپنی گاڑی کی بیٹری آسانی سے چیک کر سکتے ہیں-

2: بیٹری کے ٹرمینل صاف کر لیں
بیٹری کے ٹرمینل میں ہونے والا زنگ اس کی کارکردگی کو خراب کر دیتا ہے- جس کی وجہ سے سردی کے موسم میں اچھی بیٹری کے باوجود بھی گاڑی اسٹارٹ نہیں ہوتی ہے- اس کے لیے خصوصی طور پر ٹرمینل کے صاف کرنے والے برشز موجود ہوتے ہیں جن کی مدد سے بیٹری کے ٹرمینل کو صاف کرنا باقاعدگی سے ضروری ہے- بیٹری کے ٹرمینل کی صفائی کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ پہلے نیگٹو ٹرمینل کو الگ کریں اور اس کے بعد پازيٹو کو الگ کریں اس کے بعد اس میں موجود ایسڈ اور ڈسٹ اور زنگ کو اچھی طرح صاف کریں- اس کے بعد بیٹری کے اوپر ٹرمینل والے حصے کو بھی صاف کریں اس کے بعد پہلے پازيٹو ٹرمینل لگائيں اور اس کے بعد نیگٹو ٹرمینل لگائيں-

3: بیٹری ٹرمینل کی حفاظت والا اسپرے
سردی کے موسم میں گاڑی کی اسٹارٹنگ کی دشواری سے بچنے کے ليے اب مارکیٹ میں ایسے اسپرے موجود ہیں جن کو استعمال کرنے سے ایک بار بیٹری ٹرمینل صاف کرنے کے بعد اگر اسپرے کر لیا جائے تو زيادہ عرصے تک ٹرمینل صاف رہتے ہیں

4: انجن کی گریسنگ کریں
سردی کے موسم میں درجہ حرارت کے گرنے کی وجہ سے گاڑی کے انجن کے پرزے خشک ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان میں رگڑ بڑھ جاتی ہے- جس کی وجہ سے اسٹارٹ ہونے میں پرابلم ہو سکتی ہے- لہٰذا گاڑی کو سروس کروانے کے بعد اس کے انجن کی اچھی طرح گریسنگ کرنا بھی سردی کے موسم میں بہت ضروری ہوتا ہے-

یہ تمام ایسے اقدامات ہیں جن کو کرنے سے سردی کے موسم میں بھی گاڑی پریشان کرنے کے بجاۓ فورا اسٹارٹ ہو جائے گی-

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.