
ماں کے سامنے مار کر چلے گئے ۔۔ 4 بہنوں کا واحد کفیل ڈکیتی کی واردات کے دوران کیسے جان سے گیا؟ بہنیں روتی رہ گئیں
کراچی کے علاقے سرجانی میں واقع یارو گوٹھ میں ایک درجن ڈاکوؤں نے مل کر شادی والے گھر کو ماتم کدہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق یارو گوٹھ میں ڈاکوؤں نے سیکٹر سی مکان نمبر 319 میں ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے 33 سالہ سلمان شکیل کو ابدی نیند سُلا دیا۔
علاقہ مکینوں نے واقعے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ 12 ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر سلمان کے گھر والوں کو یرغمال بنایا اور لاکھوں روپے کے سونے کے زیورات، بہن کا جہیز، موبائل فونز اور دیگر سامان لُوٹ کر فرار ہو گئے۔
جب سلمان ان ڈاکوؤں سے مزاحمت کرنے لگا اور ان کے پیچھے بھاگا تو انہوں نے ماں کے سامنے بیٹے کے سینے میں 2 گولیاں مار دیں جو اسکی موت کی وجہ بنیں۔ مقتول 3 بھائیوں اور 4 بہنوں میں سب سے بڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا۔ کپڑوں پر کڑھائی کا کام کرتا تھا ۔ان کی 2 بہنیں شادی شدہ جبکہ سلمان خود غیر شادی شدہ تھا اور علاقے کی مسجد کمیٹی کا رکن اور محلے سے مسجد کا چندہ بھی اکھٹا کرتا تھا۔
اب تک کی تفتیش سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ ڈاکوؤں نے واردات سے قبل مکمل معلومات اکھٹی کر رکھی تھیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اطراف کے کسی گھر کو بھی نشانہ نہ بنایا اور سلمان کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ گھر میں سامان اور رقم کی تعداد زیادہ تھی جس کو دیکھتے ہوئے 2 ڈاکو دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور اندر سے گیٹ کھول دیا، 4 ڈاکو گھر کی چھت پر گئے اور 4 گھر کے اندر داخل ہوگئے، جبکہ 2 ڈاکو گھر کے باہر پہرہ دیتے رہے۔ 2 ماہ بعد تیسری بہن کی شادی تھی جس کے لیے بھرپور تیاریاں کی جا رہی تھیں۔